ایران دہشتگردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے: امریکی وزارت خارجہ
واشنگٹن (این این آئی )امریکی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر ایران کی دہشت گرد نواز پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ایران کو دہشت گردی کا دنیا کا سب سے بڑا سرپرست قرار دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے۔ مشرق وسطیٰ سمیت کئی دوسرے ملکوں میں موجود دہشت گردوں کو ایران کی طرف سے مدد فراہم کی جاتی ہے۔ بحرین، افغانستان، عراق، لبنان اور یمن میں تشدد کو ہوا دینے اور اپنے ایجنٹوں کے ذریعے فرقہ واریت کی لڑائیوں کے لیے ایران بھرپور مدد کررہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کی مدد سے مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی میں سرگرم لبنانی حزب اللہ ملیشیا شام کی جنگ کے باعث زیادہ جرات کے ساتھ سامنے آئی ہے اور اس گروپ نے شام میں جنگی مہارتوں میں مزید اضافہ کیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 2017ء کے بعد امریکہ اس کے اتحادیوں نے داعش اور القاعدہ جیسے گروپوں کے خلاف کارروائیوں میں اہم پیشرفت حاصل کی ۔ رپورٹ کے مطابق 2017ء میں اس سے پچھلے سال 2016ء کی نسبت دہشت گردی کی کارروائیوں میں27 فیصد کمی دیکھی گئی۔