’’دی فائونڈر‘‘ نے بہترین امیدواروں کو الیکشن کیلئے میدان میں اتارا: افتخارملک
لاہور ( کامرس رپورٹر )یونائٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ یو بی جی کے ساتھ منسلک تاجروں کی نمائندہ تنظیم ’’دی فائونڈر‘‘ نے اعلیٰ تعلیم یافتہ، پرجوش اور بہترین امیدواروں کو ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے الیکشن کیلئے میدان میں اتارا ہے۔ یو بی جی ملک بھر میں چیمبرز کا سب سے بڑا اتحاد ہے جسے ایف پی سی سی آئی میں 90 فیصد سے زیادہ اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبرز کے الیکشن میں مختلف عہدوں کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان انتہائی جمہوری انداز میں اتفاق رائے کے ساتھ کیا گیا ہے اور ٹکٹوں کی تقسیم میں جوان، باصلاحیت، کاروبار و تجارت کو فروغ دینے، ملکی خدمت اور قومی معیشت کو مضبوط کرنے کے جذبہ سے سرشار نوجوان شخصیات کوترجیح دی گئی ہے اور اس ضمن میں ملک بھر میں تمام مقامی بزنس لیڈرز کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی قیادت کوئٹہ، کراچی، پشاور، لاہور اور اسلام آباد میں تاجر رہنماؤں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کرے گی۔ ہمیں فخر ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے ہمارے سابق صدور، خاص طور پر ایس ایم منیر، محمد ادریس، عبدالروف عالم اور زبیر طفیل نے بھی ایک بھی پیسے کی سہولیات و مراعات کے پیکج سے فائدہ نہیں اٹھایا اور سفر، رہائش اور غیر ملکی دوروں کے تمام اخراجات خود برداشت کئے۔