گلشن اقبال پولیس کی کارروائی، چور گینگ کے 2ملزم گرفتار
لاہور(نامہ نگار)انویسٹی گیشن پولیس گلشن اقبال نے چور گینگ کے 2ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے نقدی،موبائل فون اور ناجائز اسلحہ برآمدکیا ہے ۔ انویسٹی گیشن پولیس گلشن اقبال نے چوری کی وارداتوں میں ملوث فریاد مسیح چور گینگ کے سرغنہ فریاد مسیح اور اس کے ساتھی محمد قاسم کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی،8موبائل فون اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔ ملزمان اپنے طریقہ وارادت میں شہر کے مختلف علاقوں میں گھومتے رہتے اور ایسے گھر جو بند ہوتے ان کے تالے توڑکر یا کھڑکیوں کے راستے گھر کے اندر داخل ہو کرنقدی اور قیمتی سامان چرا کر فرار ہوجاتے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی چوری کے مقدمات میں متعددبار جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔دوران تفتیش ملزمان نے تھانہ اقبال ٹائون، گلشن اقبال، ملت پارک، سمن آباد اور وحدت کالونی میں چوری کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔