8ٹریفک وارڈنز کی برطرفی‘ معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں: متاثرہ وارڈنز
لاہور (نامہ نگار) جعلی ٹریفک وارڈنز بن کر شہریوں سے پیسے بٹورنے والے تین نوسر بازوں کے کہنے پر 8ٹریفک وارڈنز کو نوکری سے برخاست کرنے پر متاثرہ ٹریفک وارڈنز نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور نوکریوں پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرہ ٹریفک وارڈنز کا کہنا ہے کہ تین نوسرباز جعلی ٹریفک وارڈن بن کر شہریوں سے رقم بٹورنے کے دھندے میں ملوث تھے جنہیں ہم نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا اور ان کے خلاف تھانے میں مقدمہ بھی درج کرایا۔ جس کے بعد وہ پھر بھی نوسربازی سے باز نہ آئے۔ انہیں دوبارہ پکڑا گیا تو انہوں نے پرانی رنجش پر ہمارا نام لے دیا جس سے ہمیں نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے۔ ہماری اعلیٰ حکام سے درخواست ہے کہ اس واقعہ کی دوبارہ انکوائری کرائی جائے اور ہمیں ہماری نوکری پر بحال کیا جائے۔