نوسربازوں کا گروہ شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیا کر روپوش ہوگیا
فیروزوالا (نامہ نگار) نوسربازوں کے سرگرم گروہ کے سرغنہ شاہدمسیح نے سادہ لوح افراد کو پہلے راشن فراہم کیا بعد میں مکانات بنا کر دینے کا جھانسہ دے کر درجنوں افراد کو لوٹ لیا۔ نوسرباز لاکھوں روپے کی رقم لے کر روپوش ہوگیا۔ لیاقت خان مسیح کی رپورٹ پر پولیس نے ملزم کے خلاف فراڈ‘ نوسربازی کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم شاہد مسیح فتووالا، کوٹ محمود‘ شرقپور‘ تریڈے والا‘ خانپور اور دیگر علاقوں کے لوگوں کو لوٹ چکا ہے۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹیم مقرر کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے فی کس 5ہزار روپے نیا مکان تعمیر کرکے دینے کے بہانے رقم حاصل کی تھی۔