حکومت شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی : ڈاکٹر اختر ملک
ملتان (سپیشل رپورٹر) امن کمیٹی کا ایک غیررسمی اجلاس آج حہاں سرکٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس کے میزبان سید علی رضا گردیزی تھے جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک اور مہمان خصوصی صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حکومت شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔ عزاداروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ملتان میں محرم الحرام کے انتظامات مکمل ہیں۔ تمام ادارے عزاداروں کو ہرممکن سہولتیں دینے میں مصروف ہیں۔ صفائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سی پی او ملتان منیر مسعود نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔ جلوسوں کو حسب روایت سابقہ اوقات میں مقررہ راستوں سے گزارا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر سریع الحرکت فورس استعمال ہوگی۔ علما کرام کا تعاون حاصل کریں گے۔ اجلاس کے میزبان سید علی رضا گردیزی نے کہا کہ صحابہ کرام اور اہل بیت عظام کا احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ مقررین دل آزار گفتگو سے پرہیز کریں۔ ممتاز عالم دین قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ اتحادِ امت کیلئے ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ قیام امن کیلئے انتظامیہ کے اقدامات قابل قدر ہیں۔ علما کرام نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ اجلاس میں ملک سلیم لابر ایم پی اے ، مفتی غلام مصطفی رضوی ، قاری احمد میاں ، خواجہ شفیق اور دیگر نے بھی شرکت کی۔