پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارارشتہ نہ ٹوٹنے والا ہے, چینی وزیراعظم ؛پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، نیوکلیئر سپلائر گروپ میں ہمارا موقف سمجھنے پر مشکور ہیں: نواز شریف
چینی وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے، ہر فورم پر پاکستان کی حمایت کرینگے اور اس کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید کرتے ہیں پاکستان بھارت کشیدگی مزید نہیں بڑھے گی۔ پاکستان تو خود دہشت گردی کا شکار ہے، امید ہے دنیا کشمیر پر پاکستانی موقف زیادہ مناسب انداز میں سمجھے گی۔ چینی وزیراعظم نے پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔ لی کی چیانگ نے کہا کہ تعلقات معمول پر لانے کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ چینی وزیراعظم نے جلد پاکستانی دورے کی دعوت قبول کر لی اور کہا پاکستان اور چین کا رشتہ نہ ٹوٹنے والا ہے۔ گوادر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں میں مزید اضافہ کرینگے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ نیوکلیئر سپلائر گروپ میں پاکستانی مو¿قف سمجھنے پر چین کے مشکور ہیں۔ پاکستان خود دہشت گردی سے متاثر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرامن ہمسائیگی ہمارا وژن ہے، کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ ملک میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ چکے ہیں۔ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں۔ لی کی چیانگ سے ملاقات میں سی پیک منصوبے، دوطرفہ معاملات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ¿ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور ملیحہ لودھی بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے چینی ہم منصب کو کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے چینی تشویش کو سراہا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کشمیر پر چین کے موقف کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے۔