سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں کشمیریوں کے مقدمے کی بنیاد حق خود ارادیت ہے اور کشمیری عوام اپنے اس حق کیلئے تمام رکاوٹوں کے باوجود حصول مقصد تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوںنے آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوںنے بزرگ رہنما سے سرینگر میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر کا منصفانہ اور دائمی حل نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ پورے خطے کی بقا اور سالمیت کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے فوجی قبضے کا کوئی جواز نہیں ہے اور بھارت اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق، حق خود ارادیت دے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مذاکرات کے خلاف نہیں تاہم مذاکرات نتیجہ خیز اور بامقصد ہونے چاہئیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت ایک طرف سے مذاکرات کی باتیں کر رہا ہے تو دوسری جانب کشمیر یوں کی آواز کو دبانے کیلئے ظالمانہ ہتھکنڈے جاری رکھے ہوئے ہے۔
سید علی گیلانی
سید علی گیلانی