لاہور (کامرس رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ مجموعی طور پر 33,703 امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں سے 12374 نے 60فیصد اور اس سے زائد نمبر حاصل کئے۔ 5581 امیدواروں نے50 سے59 فیصد نمبر جبکہ 5214 نے40 سے49 فیصد نمبر حاصل کیے۔ 10,534 امیدواروں نے 40 فیصد سے کم نمبر حاصل کئے۔ انٹری ٹیسٹ میں رحیم یار خان کی ماہم علی نے 1058/1100 نمبر حاصل کر کے پہلی، گوجرانوالہ کی حمیرا جاوید دختر آصف جاوید اور رحیم یار خان کے محمد سلمان اشرف ولد محمد اشرف نے بالترتیب 1055/1100 اور 1052/1100حاصل کر کے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انٹری ٹیسٹ میں اہل قرار پانے والے امیدوار 18سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں 3205 ایم بی بی ایس اور 216بی ڈی ایس سیٹوں کیلئے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے جبکہ پرائیویٹ سیکٹر میں قائم 15میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 1500جبکہ07 ڈینٹل کالجوں میںبی ڈی ایس کی350 سیٹیں اس کے علاوہ ہیں۔ اس موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر ملک حسین مبشر نے کہا کہ سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ایڈمیشن فارم 05 اکتوبر سے مفت دستیاب ہوں گے۔ ایسے امیدوار جنہوں نے پی ایم ڈی سی کے فارمولے کے مطابق کم از کم 77فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کئے ہیں وہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر ہے۔
انٹری ٹیسٹ/ نتائج
انٹری ٹیسٹ/ نتائج