اسلام آباد + لاہور (اے پی پی + خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور وہ کسی طور ملک و قوم کی خدمت سے پیچھے نہیں رہے گی، سیاسی، سماجی ایجنڈے کے طور پر میثاق جمہوریت کے تحت طے شدہ امو رکو جلد نمٹایا جائے، آمروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے تاکہ سیاسی تفرقات ختم ہوں ۔ عید الفطر کے موقع پر عوام کے نام تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عید کا مطلب خوشی ہے لیکن جس معاشرے میں ایک غریب آدمی کے سامنے ایک ہزار سوال ہوں کہ ہمارے بزرگوں کا خواب اس طرح کا ملک تو نہیں تھا جہاں لوگ کہیں کہ ان وسائل پر ہمارا بھی حق ہے، محروم اور بے توقیر بچے سوچیں کہ کیا وہ پاکستانی انتہا پسندی کا شکار ہونے والے بھائیوں، بہنوں اور بچوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو آمروں کی پالیسیوں کی بھینٹ چڑھے ہیں، ہمارے دل اور وسائل ان کے ساتھ ہونے چاہئیں۔ اس سے بھی بڑا مسئلہ گذشتہ عرصہ کے دوران مختلف حادثات، آفات اور دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کے نتیجہ میں زخمی اور معذور ہو جانے والے ہمارے وہ بہن بھائی ہیں جو آج جسمانی طور پر نہ تو مشقت کرنے کے قابل رہے اور نہ ہی کسی طریقے سے روزگار حاصل کر سکتے ہیں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ انہیں زندگی کی جانب واپس لوٹ آنے کیلئے ان کی ہمت اور حوصلہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی معذوری کو دور کرنے اور ان کے معاشی مسائل کو حل کرنے کیلئے ان کی امداد کا مستقل سلسلہ شروع کریں لیکن اس کیلئے ہم میں سے ہر شخص کو بارش کے پہلے قطرے کا کردار ادا کرنا ہو گا اور اس سلسلہ کو مستقل طور پر جاری رکھنا ہو گا۔ وہ اس عظیم نعمت خداوندی کے حصول کے شکرانے کے طور پر اپنے بھائیوں کو نہ بھولیں جو محرومی، غربت و مایوسی اور افلاس کے گرداب میں گرفتار ہیں بلکہ اپنے وسائل کا رخ موڑیں اور اس موقع پر اور باقی گیارہ مہینوں میں بھی ایسا مستقل اہتمام کریں کہ محروم طبقے کی حقیقی معنوں میں دستگیری ہو سکے۔ مسلم لیگ (ن) اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور وہ کسی طور ملک و قوم کی خدمت سے پیچھے نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے غیر معمولی اہتمام نہ کرنا پڑیں بلکہ ازخود ایسا نظام وضع کر دیا جائے جہاںغریب لمبی لمبی قطاروں میں لگ کر وسائل کو نہ ڈھونڈیں بلکہ وسائل کی لمبی قطاریں غریب کو تلاش کرتی پھریں۔ حکومت کے کرنے کیلئے یہی کام ہیں اور اس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اکابرین حکومت خود ان سوالیہ نشانوں سے نجات حاصل کریں جو ان کا پیچھا کر رہے ہیں۔ حکومت معاشی اور سماجی ایجنڈے پر اپنی تمام تر توانائی صرف کرے پھر عوام کیلئے صرف ایک عید نہ ہو گی بلکہ سال کے باقی 364 دن بھی یکساں طور پر خوشیوں کی نوید لے کر آئیں گے۔ امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے ۔ اپنے تہنیتی پیغام میں سید منور حسن نے کہا ہے کہ ہمیں عید کے مبارک لمحات میں عہد کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کو ایک آزاد اسلامی اور جمہوری ملک بنانے کے لیے اپنی بہترین کوششیں بروئے کار لائیں گے ۔ اند ونی و بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام اختلافات بھلا کر متحد ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمارے اندرونی معاملات میں پوری طرح مداخلت کر رہا ہے ۔ پاک سرزمین پر امریکی ڈرون حملے جاری ہیں جن میں بے گناہ شہری مارے جارہے ہیں ۔ حکمرانوں کی بے حمیتی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ اس جارحیت پر احتجاج تک نہیں کرتے ۔ ملک کی زمین اونے پونے داموں فروخت کی جارہی ہے۔ عوام بدحال ہیں آٹے اور چینی کے حصول کے لیے سڑکوں پر ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ عوام کو مایوسیوں اور محرومیوں کے غار میں دھکیلا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے امریکی مداخلت کے خلاف ’’گو امریکہ گو‘‘ کی تحریک شروع کر رکھی ہے ۔ پوری قوم اس تحریک میں شامل ہو جائے تو یقین ہے کہ امریکہ کو اس خطے سے نکلنے پر مجبور کیا جاسکتاہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38