چھ ٹیموں کے ہیڈ کوچز نے قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کو پلیئرز ڈویلمپنٹ کے لیے اہم قرار دے دیا ہے۔ پاکستان کے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے اعلان کردہ سکواڈز پر اظہار خیال کرتے ہوئے تمام ہیڈ کوچز نے اتفاق کیا ہے کہ یہ ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہوگا۔ محمد وسیم نے کہا کہ ہمارے سکواڈ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین کمبی نیشن موجود ہے، کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو پریمیئر ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیں ، اس دوران انہیں سینئرز کی رہنمائی بھی میسر ہوگی۔ باسط علی کا کہنا ہے کہ سندھ کی ٹیم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرگئی مگر فائنل ٹو تک نہ پہنچ سکی تاہم یقین ہے کہ یہ سکواڈ قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو فرسٹ الیون میں نمائندگی دینے کی حمایت کرتے ہیں۔ عبدالرحمٰن کا کہنا ہےکہ سدرن پنجاب کی ٹیم مکمل تیار اور قائداعظم ٹرافی کے فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آغاز کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شان مسعود کی قیادت میں اعلان کردہ ان کے سکواڈ میں محمد عباس، محمد عرفان (سپنر)، حسین طلعت اور سیف بدر جیسے کھلاڑی موجود ہیں، انہیں یقین ہےکہ سدرن پنجاب کی ٹیم ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ فیصل اقبال کاکہنا ہےکہ وہ سکواڈ کے انتخاب سے مطمئن ہیں اور ان کا اصل ہدف بلوچستان سے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بھرپور نمائندگی کا موقع دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بیٹسمین عبدالواحد بنگلزئی نے سیکنڈ الیون اسکواڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے فرسٹ الیون میں اپنی جگہ کو یقینی بنایا، جس پر انہیں خوشی ہے۔ شاہد انور کا کہنا ہے کہ ہم نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بہت سے نئے لڑکوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا اور ان میں عبداللہ شفیق، قاسم اکرم، عرفان خان نیازی اور صہیب اللہ نمایاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حسن علی اور احمد شہزاد کی واپسی سے سکواڈ مضبوط ہوگا اور وہ ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کی کوشش کریں گے۔ عبدالرزاق نے کہا کہ سکواڈ کا انتخاب کرتے وقت انہوں نے گزشتہ سیزن کے بہترین پرفارمرز اور نوجوان کھلاڑیوں کو یکساں کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے بعد اب قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل بھی حاصل کرنے کی کوشش کریں.
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38