لاہور:پاکستان اور زمبابوے کےمابین کرکٹ سیریز کےلیے ممکنہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ19 ٹیسٹ آج ہوں گے۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کےمابین کرکٹ سیریز کےلیےقومی کھلاڑی آج دوپہر نجی ہوٹل میں رپورٹ کریں گے جہاں کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی جائے گی اور پانچ روزہ آئسولیشن مدت کے دوران قومی کھلاڑی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کریں گے،کھلاڑی قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ اور میچ پریکٹس میں حصہ لیں گے،چار روزہ پریکٹس کے دوران دو ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ قومی کرکٹرز کو ٹریننگ کیمپ کے دوران فیملیز کو ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی اور کرکٹرز کوویڈ 19 پروٹوکولز مکمل کر کے فیملیز کو ساتھ رکھ سکتے ہیں۔
پاکستان زمبابوے کرکٹ سیریز کے لیے زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیمگذشتہ روز پرواز ای کے 612 پر دبئی سے اسلام آباد پہنچی،اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی سی بی حکام نے زمبابوے کی ٹیم کا استقبال کیا۔ 32 رکنی مہمان اسکواڈ بذریعہ دبئی اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا،زمبابوے کی ٹیم ایک ہفتے قرنطینہ میں رہے گی۔زمبابوین اسکواڈ21 سے 27 اکتوبر تک قرنطینہ کی مدت اور پریکٹس کرے گی، ایک روزہ سیریز راولپنڈی جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی،قومی اسکواڈ 26 اکتوبر کو راولپنڈی روانہ ہوگا،پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ زمبابوے ٹیم 4 نومبر کو لاہور کے لیے روانہ ہوگی، 5 اور 6 نومبرکو زمباوے ٹیم قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی جبکہ پہلاٹی 20میچ 7،دوسرا8 اورتیسرا 10نومبرکولاہورمیں کھیلا جائے گا۔زمبابوے کرکٹ ٹیم 12 نومبر کو واپس ہرارے روانہ ہوگی۔