پی آئی ٹی بی‘ محکمہ آبپاشی کے مابین ''ای آبیانہ'' منصوبے کیلئے مفاہمتی یادداشت
لاہور(پ ر)کسانوں کو آبیانہ ٹیکس کی ای پے ایپ سے آن لائن ادائیگی کی سہولت دینے کیلئے پی آئی ٹی بی اور محکمہ آبپاشی پنجاب کے درمیان ’’ای آبیانہ‘‘ منصوبہ کی مفاہمتی یادداشت طے پا گئی۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور اور سیکرٹری آبپاشی سیف انجم نے ایم او یو پر دستخط کیے۔تقریب میں صوبائی وزیر آئی ٹی و ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، وزیر آبپاشی محسن خان لغاری، ڈائریکٹر جنرل فیصل یوسف و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔صوبائی وزیر برائے آئی ٹی و ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کا کہنا تھا کہ ای پے سسٹم کے ذریعے ریونیو اکٹھا کرنے اور پانی کے بہاؤ کی نگرانی و دیکھ بھال میں شفافیت اور بہتری آئیگی۔وزیرآبپاشی محسن لغاری نے کہا کہ کسان تمام بینکوں کی شاخوں اور ڈیجیٹل چینلز کو استعمال کرتے ہوئے آبیانہ‘تاوان اور جرمانے ادا کرسکیں گے۔