بھارت :بچوں کے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں آگ لگنے سے1ماہ کا بچہ ہلاک، 5 جھلس گئے
بھارت کے شہر حیدرآباد میں بچوں کے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں آگ لگنے سے ایک ماہ کا بچہ ہلاک اور 5زخمی ہو گئے۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ایل بی نگر پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے کا واقعہ حیدرآباد کے نواحی علاقہ ایل بی نگر میں بچوں کے ایک ہسپتال کے آئی سی یو میں پیر کی علی الصبح 2:30 بجے پیش آیا جہاں ایک زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے فوری طور پر آئی سی یو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس پر ہسپتال عملے نے آئی سی یو میں مختلف بیماریوں کے باعث زیر علاج شیرخوار بچوں کو بچانے کے لیے دروازے اور کھڑکیاں توڑ دیئے جس کے نتیجے میں6شیر خوار بچے جھلس گئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ بعدازاں آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔