قومی کرکٹ چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیموں کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈکوچ مصباح الحق نے کہا کہ بطور چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ میری خواہش ہے کہ ہم آسٹریلیا میں جا کر اچھی کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہم نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی ہے اور ٹیم میں ایسے سرپرائز پیکج رکھنے کی کوشش کی ہے جس کے ذریعے آسٹریلیا کو چیلنج کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آسٹریلیا کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی ہے، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقی میں دکھائی جانے والی کارکردگی کو دنیا مانتی ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کرکٹ کھیلنی ہے تو ہمارے کھلاڑی بہترین ہونے چاہیئیں، ہماری ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ تجربہ کار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
دورہ آسٹریلیا کے لیے16 رکنی ٹی 20ٹیم کی کپتانی بابر اعظم کریں گے ،جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل اور محمد حسنین،افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ اور محمد عامر،محمد عرفان، محمد رضوان، موسی خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کے لیے بھی 16 رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے ،اظہر علی قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، حارث سہیل،افتخار احمد،عمران خان سینئر، امام الحق، کاشف بھٹی، محمد عباس،محمد رضوان،موسی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ 26 اکتوبر کو سڈنی روانہ ہوگا،ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں شرکت کے بعد آسٹریلیا روانہ ہوں گے،قومی ٹی ٹونٹی ٹیم سیریز سے قبل ایک وارم اپ میچ کھیلے گی،تاہم ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم 2 وارم اپ میچز کھیلے گی۔