بچوں کیساتھ زیادتی کے بڑھتے واقعات تشویش ناک ہیں:لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ بد اخلاقی کے واقعات میں زور بروز اضافہ باعث تشویش ہے۔ ہم انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں کہ بھابھڑہ ناگرہ گلبرگ میں سات سالہ معصوم بچی نور فاطمہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو کو تین روز میں گرفتار نہ کیا گیا تو ہم عوامی مارچ کرتے ہوئے گورنر ہاوس اور وزیراعلیٰ ہاوس کی طرف مارچ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھابھڑہ گلبرگ میں درندگی کا شکار ہونے والی بچی کے والد اور اہل علاقہ کے معزیزین کے جرگے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ روزانہ معصوم بچے اور بچیاں درندگی کا شکار ہورہی ہیں۔جو ملک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دس روز گزر گئے ابھی تک مقامی پولیس نور فاطمہ کے ساتھ زیادتی کرنے والا درندہ صفت ملز م کو گرفتار نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ والدین بھی اپنے بچوں کی نگہبانی کریں اور آس پاس کے ماحول اور شکوک افراد پر نظر رکھیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلامی ملک ہے لیکن یہ ہمارے لیے باعث تشویش بات ہے کہ عالمی سروے میں پاکستانی سب سے زیادہ موبائیل فونز،انٹرنیٹ ،سوشل میڈیا کا استعمال کررہے ہیں اور غیراخلافی سائٹس کو دیکھنے والے بھی سب سے زیادہ پاکستانی ہیں۔