اسلام مرد وخواتین کی یکساں تربیت پر زوردیتا ہے:ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج سسٹرز یوکے کی تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ تین روزہ ’’التزکیہ کیمپ 2019 ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام مرد اور خواتین دونوں کی یکساں تعلیم و تربیت پر زور دیتا ہے، انہوں نے برطانیہ میںہر سال خواتین کیلئے روحانی اور تربیتی کیمپ کے انعقاد پر منہاج سسٹرز یو کے کی جملہ ذمہ داران کو مبارکباد دی اور اسے اسلام اور انسانیت کی قابل تقلید خدمت قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ یہ بات قابل فخر ہے کہ اسلام اور قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات سے آگاہی کیلئے پورے برطانیہ سے خواتین کیمپ کا حصہ بنتی ہیںاور یہ جاننے کی سعی کرتی ہیں کہ اللہ اور اسکے رسولؐ کے بنی نوع انسانیت کیلئے کیا احکامات ہیں؟ اور ایک باعمل مسلمان کے کیا حقوق و فرائض اور واجبات ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ برطانیہ،یورپ میں مسلم یوتھ اسلام کی پر امن اور انسانیت کے احترام پر مبنی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں اور مغربی سماج میں انکاسماجی، دینی ،فلاحی کردارامن و محبت کا باعث ہے اور انکے عمل سے بین المذاہب رواداری فروغ پا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل علم،امن اور اسلامی بھائی چارے کے فروغ کی عالمگیر تحریک ہے جو ہر عمر اور ہر علمی استعداد کے افراد کی تعلیم و تربیت کے پروگرام وضع کرتی ہے۔