قائد کا پاکستان
پاکستان کو ریاست مدینہ کا نمونہ بنانے اور اسی نہج پر چلانے کے حوالے سے جناب وزیر اعظم کے خیالات سے قوم بخوبی آگاہ ہے۔ مگر دِقت یہ ہے کہ جدید سٹیٹ کرافٹ میں ریاست مدینہ کا مڈل آج تک بنا اور نہ اسے کہیں آزمایا گیا۔ اس حوالے سے جناب خان صاحب کا وجدان اپنی جگہ۔
ایسے میں موصوف پاکستان کو قائد اعظم کے تصورات کی ریاست بنا دیں، تو یہ بھی ان کی بہت بڑی کامیابی ہو گی۔ جو نو آزاد ملک کی بنیاد جدید اسلامی، فلاحی اور جمہوری اصولوں پر اٹھانا چاہتے تھے۔ اور اسے اسلام کی تجربہ گاہ بنا کر دنیا کو دین حق کی صحیح تصویر دکھانا چاہتے تھے۔ ایسی ریاست جس میں فرقہ واریت، علاقائیت، لسانیت اور نسل پرستی کی قطعی گنجائش نہ ہو موصوف ملائیت اور پاپائیت کے بھی خلاف تھے۔ اور چند ہاتھوں میں دولت کے اجتماع کے بھی حق میں نہیں تھے۔ دنیا کو اسلام کی آفاقیت سے آگاہ کرنے کیلئے اجتہادی کلچر کو بھی فروغ دینا چاہئے تھے۔