پی سی بی کا آئندہ سیزن سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سیزن سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی مخالفت کرتے رہے ہیں، احسان مانی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بننے کے بعد کہا تھا کہ ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں ختم نہیں ہوں گی تاہم احسان مانی کے چیئرمین بننے کے بعد پہلی بڑی پیش رفت کے طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سیزن سے ملک سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔آئندہ سال سے مختلف حکومتی ڈپارٹمنٹس ہر قسم کی کرکٹ سے دور ہوجائیں گے تاہم ڈپارٹمنس کو کہا جائے گا کہ وہ اگر کھیل کے فروغ میں کوئی کردر ادا کرنا چاہتے ہیں تو ملک کے کسی بھی ریجن کو اسپانسر کرلیں۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کا بند ہونا اچھی خبر نہیں،پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ڈپارٹمنٹ کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ اس فیصلے پر عمل درآمد سے ایک ہزار کے قریب کھلاڑی ملازمتوں سے فارغ ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ٹاسک فورس بنائی ہے جس نے چیئرمین واپڈا کی سربراہی میں پہلی میٹنگ میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔تین دن قبل واپڈا ہاؤس میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں ڈپارٹمنٹس کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے ٹاسک فورس ممبران ڈومیسٹک کرکٹ سے وابستہ محکموں سمیت تمام اسٹیک ہولڈز سے رابطے کرکے رپورٹ تیار کریں گے جسے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں منظوری کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس میں موجود ڈپارٹمنٹ کے نمائندوں نے میٹنگ میں زیادہ مزاحمت نہیں کی۔ تجویز کے مطابق پی سی بی ا?ئین میں ترمیم کرکے اس معاملے پر قانون سازی کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں مزمل حسین کے علاوہ لاہور ریجن سے شاہ ریز عبداللہ خان روکھڑی، خان ریسرچ لیبارٹریز کے محمدایازبٹ، پی سی بی کے ڈائریکٹرز ہارون رشید،مدثر نذر، جنرل منیجر عثمان واہلہ اور منیجر ثاقب عرفان شامل تھے۔امکان ہے کہ کوالٹی کرکٹ پر اتفاق کرتے ہوئے ریجن کی ا?ٹھ ٹیموں کو فرسٹ کلاس کا درجہ دیا جائے گا۔ پی سی بی حکام اس مسلے پر خاموش ہیں لیکن امکان ہے کہ اس بارے میں کاغذی کارروائی کرکے بورڈ کے سرپرست اعلیٰ عمران خان سے اس کی باضابطہ منظوری لی جائے گی۔محکموں کی ٹیموں کو فارغ کرکے نئے سسٹم میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور ڈیلی الاؤنس کے ساتھ انعامی رقم کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جارہاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پینٹاگولر ون ڈے ٹورنامنٹ ختم کردیا جائے گا تاہم کلب اور ڈسٹرکٹ کرکٹ کو مالی طورپر سپورٹ کرکے مزید بہتر کرنے پر توجہ دی جائے گی۔