آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی آج سے غیرمعینہ مدت تک ہڑتال شروع
کراچی (کامرس رپورٹر)آئل ٹینکر ایسوسی ایشن نے آج سے ملک بھر میں سپلائی بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ملک بھر میں ایک بار پھر پٹرول کی قلت کا اندیشہ ہے۔آئل ٹینکر اونر ایسوسی ایشن کے رہنما شمس شاہوانی کا کہنا ہے کہ ہم نے حکومت کے سامنے بارہا اپنے مطالبات رکھے اور بتایا کہ 2010 ء ماڈل کی گاڑیوں کی شرط سے آئل ٹینکرز مالکان اور کارکنوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوجائیں گے، لیکن حکومت کی جانب سے پنجاب میں 600، کے پی کے میں 300، بلوچستان 200 اور کراچی میں 700 ٹینکرز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔شمس شاہوانی کا کہنا تھا کہ ہمیں 10 دن میں پابندی ہٹانے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی، لیکن 10 دن گزر جانے کے باجود ہمارے مسائل جوں کے توں ہی ہیں، اس لئے فیصلہ کیا ہے کہ اتور سے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کی جارہی ہے ۔