یتیم بچوں کی ملک ریاض کے نام فریاد
مکرمی! والدین عافیت کا سائبان اور تحفظ کی ایسی فصیل ہوتے ہیں جو اولاد کو الم‘ بے کلی اور رنج کی سرد گرم ہوا سے محفوظ رکھتے ہیں مگر جو اس عظیم دولت سے محروم ہو جائیں وہ بے چارے غم کی تصویر بنے کہاں جائیں؟ ہم چار بہن بھائی سب کے سب زیر تعلیم ہیں۔ ابھی بچپن ختم نہیں ہوا کہ ماں جی کا شفیق سایہ روٹھ گیا۔ والدہ جی کے جنت مکیں ہونے کے بعد والد محترم نے خود کو بچوں کی پرورش ‘ تربیت اور تعلیم کے لئے وقف کر دیا تھا۔ زندگی اور معاشی فکر کے اس غیر ارادی بوجھ نے انہیں مستقل بیمار کر دیا۔ چودہ اکتوبر 2018ء کو والد گرامی بھی طویل علالت کے بعد اﷲ کو پیارے ہو گئے۔ چاروں یتیم بچے کرایہ کی رہائش گاہ میں مقیم ہیں۔ تعلیم کیسے مکمل ہو گی؟ چھت کب اور کیسے میسر ہو گی؟ سوچ سوچ کر عقل شل ہو رہی ہے۔ ہم بہن بھائی چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض سے دردمندانہ التجا کرتے ہیں کہ وہ ہماری رہائش کا بندوبست کرا دیں تمام عمر انہیں دعائیں دیتے رہیں گے انشا ء اﷲ( ارسلان نسیم‘ 22 نمبر چونگی راولپنڈی کینٹ03085617065)