معیشت کی بحالی کیلئے قطر کی تعاون کی فراخدلانہ پیشکش
قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد قطری وزیر خارجہ نے بتایا کہ ان کا ملک پاکستان کی ترقی کے لئے بھرپور کردار اداکرے گا، اس سلسلے میں قطر میں ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار دیں گے۔ان کے بقول پاکستانی حکام سے مذاکرات کے دوران دو طرفہ تجارت بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران نے مہمان وزیرخارجہ کے ذریعے قطر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم قطر میں پاکستانیوں کو روزگار دینے کے فیصلے پر جلد عملدرآمدکے خواہش مند ہیں۔
وسائل والے برادر مسلم ملکوں کے ساتھ تعاون اور روابط بڑھانا، وقت کی ضرورت ہے۔ ملکی معیشت پر نہایت برا وقت آیا ہوا ہے۔ ان حالات میں قطر کی طرف سے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار دینے، دو طرفہ تجارت کو بڑھانے اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا اعلان بہت بڑا سہارا اور پاکستان سے قطر کی محبت کی علامت سمجھا جائے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے قطری ہم منصب سے ملاقات میں ان شعبوں کی نشان دہی کر دی ہے، جن میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور جو طرفین کے لئے منافع بخش ثابت ہوں گے۔ یہ امر خوش آئند کہ دونوں ملک ایل این جی معاہدے کا بہترین حل نکالنے کی کوششوں پربھی متفق ہو گئے ہیں۔برادر اسلامی ملک قطر کے وزیر خارجہ نے اپنے اس دورے کے دوران جو اقدامات اور فیصلے کرنے کے وعدے کئے ہیں ان پر جلد از جلد درآمد کے لئے ہمیں زیادہ متحرک اور فعال ہونا پڑے گا۔