ابوظہبی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی شاندار کارکردگی
ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 373رنز سے ہرا کر سریز جیت لی ، 538رنز کے تعاقب میں آسٹریلین ٹیم 164پر ڈھیر ، مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز عباس نے 5اور یاسر شاہ نے 3وکٹیں لیں۔
ابو ظہبی میں آسٹریلیا کے خلاف دو میچوں کی سیریزپاکستان نے صفر ایک سے جیت لی ۔ ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتہائی بری کارکردگی کے بعد جس طرح پاکستان میں کرکٹ شائقین سخت غم و غصے میں تھے اور پوری کرکٹ ٹیم ہی نہیں پی سی بی کی انتظامیہ اور سلیکشن بورڈ تک کو مورد الزام ٹھہرایا جا رہا تھا ۔ اس کے بعد اب ابوظہبی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی نے کرکٹ شائقین کے دل جیت لئے ہیں ۔ اس کامیابی سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری کرکٹ ٹیم واقعی کرکٹ کی عالمی سطح کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔ اب پاکستانی قوم توقع رکھتی ہے کہ پاکستانی ٹیم اپنی کامیابیوں کا یہ ٹمپو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ بھی بہترین کارکردگی دکھائے گی۔ اس سیریز میں نوجوان بائولر عباس نے جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا وہ بھی قابل تعریف ہے ۔ باقی کھلاڑیوں نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ اگر ہمارے کھلاڑی دبائو میں آنے کی بجائے اعتماد سے کھیلیں تو کامیابیوں کا یہ سفر جاری رہ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر کرکٹ سے سیاست کا بھی مکمل خاتمہ ہو جائے تو ہمارے کھلاڑی قوم کی ہر توقع پر پورا اتر سکتے ہیں اور اچھے کھیل کا مظاہرہ کر سکتے ہیں ۔