آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن میں ہڑتال پر پھوٹ‘ ٹیکس وصولی31 دسمبر تک موخر‘ معاملات طے پا گئے: صوبائی وزیر خزانہ
لاہور + اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور انہوں نے اپنی ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے ، ان سے ٹیکس وصولی کا معاملہ 31دسمبر تک موخر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز پنجاب ریونیو اتھارٹی کے زیر اہتمام سیلز ٹیکس انوائسز کی بروقت پڑتال کے کمپیوٹرائز نظام ’’سٹرائیو‘‘ کی افتتاحی تقریب کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ پنجاب کے صوبائی مالیاتی ایوارڈ کے ٹیکنیکل سیشنز چل رہے ہیں اور امید ہے کہ اس مالی سال کے آخر تک اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ لوکل گورنمنٹ کے فنڈز کی سالڈ ویسٹ کارویج کولیکشن پراجیکٹ کے لئے کٹوتی کی گئی ہے اس فنڈ ز کو رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر خرچ کیا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بیوٹی پارلر سیکٹر غیر دستاویزی تھا اب اسے ٹیکس نیٹ میں لیکر آئے ہیں اس سے حاصل ہونے والے ریونیو کو تعلیم اور صحت پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ٹیکس ریٹ نہیں بڑھایا بلکہ ٹیکس بیس میں اضافہ کر کے ریونیو اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ صحت اور تعلیم کے سیکٹر کی سروسز کو سب سے آخر میں ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی سروسز پر ٹیکس عائد کرنے کے لئے کام کررہے ہیں ۔ قبل ازیں انہوں نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ قوموں کی ترقی کے لیے ٹیکس کی ادائیگی نا گزیر ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں اسے ایک قومی فریضہ کے طور پر انجام دیا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں ٹیکس کی اہمیت سے عدم آگاہی اور ایجنسیوں پر عدم اعتماد کی فضا نے کبھی بھی ٹیکس کلچر کا عام نہیں ہونے دیا۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی اس کامیابی میں بڑا ہاتھ حکومت پنجاب کا بھی ہے جو محصولات کی مد میں وصول ہونے والے پیسے کی ایک ایک پائی عوامی منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے اور صوبے میں صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ ، انفراسٹریکچر اور تحفظِ عامہ کی بہتر سہولیات کو ممکن بنا رہی ہے ۔ ایسے میں سیلز ٹیکس رئیل ٹائم انوائس ویری فیکیشن سسٹم (STRIVE)ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں مزید اضافہ کرے گا۔ انھوں نے کاروباری خواتین و حضرات کو یہ نوید بھی سنائی کے پی آر اے کے آئندہ پروجیکٹ کے نتیجہ میں وہ اپنے گھروں اور دفاتر میں بیٹھ کر انٹرنیٹ کے ذریعے ٹیکس ادائیگی کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے تقریب کے شرکاء کو سٹرایئو کے خدوخال اور طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سیلز ٹیکس رئیل ٹائم انوائس ویری فیکیشن سسٹم کے آغاز کا مقصد ٹیکس دہندگان کے لیے آسانی پیدا کرنا اور وصولیوں کے نظام کو مزید شفاف بنانا ہے ۔ ایف بی آر کے سینیئر پروجیکٹ منیجر افتخار علی نے سیلز ٹیکس رئیل ٹائم انوائس سسٹم پر تفصیلی لیکچر دیا اور شرکاء کو اس کی افادیت سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں سیلز ٹیکس موخر نہ کرنے پر آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب کے لیے تیل کی ترسیل روکنے کا فیصلہ کر لیا، تیل بھرنے کی لسٹ میں پنجاب کا نام شامل نہیں ہوگا جبکہ آئل ٹینکرز اوونرز ایسوسی ایشن میں ہڑتال کے معاملے پر پھوٹ پڑ گئی ہے۔آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے ایک رہنما کا کہنا ہے کہ تیل بھرنے کی لسٹ میں پنجاب کا نام شامل نہیں ہوگا۔ سیکرٹری جنرل کنٹریکٹرز ایسو سی ایشن کے مطابق پنجاب کے لیے ٹینکروں کی روانگی کل سے بند ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت نے دیگر صوبوں کی طرح سیلز ٹیکس موخر کرنے کا نوٹیفکیشن نہیں نکالا۔ ایک دھڑا ہڑتال کے حق اور دوسرا مخالفت میں سامنے آ گیا ہے۔ چیئرمین ٹینکرز ایسوسی ایشن یوسف شہوانی کا کہنا ہے کہ ہڑتال میں حصہ لینے کا فیصلہ نہیں کیا۔آئل ٹینکرز اوونرز ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے نے پیر سے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ مزید برآں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی محفوظ ترسیل کے معاملے پر غ ور کرنے کیلئے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن، اوگرا اور دیگر سٹیک ہولڈرز کا اجلاس 24 اکتوبر کو طلب کر لیا گیا۔ سیکرٹری پٹرولیم سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس اسلام آباد میں ہو گا۔