کراچی: سانحہ صفورا گوٹھ کیس کے 2 سرکاری وکیل تنخواہیں اور سکیورٹی نہ ملنے پر مستعفی
کراچی (نیٹ نیوز) سانحہ صفورا گوٹھ کیس کے 2 سپیشل پبلک پراسیکیوٹرز حکومت کی جانب سے سیکیورٹی نہ ملنے پر مستعفی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق سپیشل پبلک پراسیکیوٹر محمدخان برڑو اور مبشر مرزا نے سانحہ صفورا کیس میں سرکار کی جانب سے پیش ہونے سے انکار کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا۔ دونوں وکلا نے اپنے استعفے میں مقدمات کی پیروی سے انکار کی وجہ سیکیورٹی کی عدم فراہمی اور یقین دہانی کے باوجود طے شدہ معاوضے کی عدم ادائیگی بیان کی۔ محمدخان برڑو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت سندھ نے کیس سے قبل کہا تھا کہ فیس بعد میں طے کر لی جائے گی لیکن مقدمے کا چالان ہونے کے بعد بھی صرف ڈیڑھ لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گروں کا داعش جیسی خطرناک دہشت گرد تنظیم سے ملزموں کا تعلق ہونے کے باجود بھی ہم نے کیس لڑا، لیکن تمام خطرات کے باوجود حکومت نے ہمارا خیال نہیں کیا۔