مدارس میں اصلاحات کے معاملے پر پیشرفت نہ ہوسکی، وفاقی حکومت ناکام
اسلام آباد (عمران مختار، نیشن رپورٹ) نیشنل ایکشن پروگرام کے اعلان کے 10 ماہ بعد وفاقی حکومت پورے ملک میں مدارس کی رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے 20 نکات میں سے مدارس میں اصلاحات بھی ایک اہم جزو ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ اور مدارس کے نمائندے رجسٹریشن کے معاملے پر اٹکے ہوئے ہیں۔ وفاقی حکومت نے ستمبر میں مدارس میں اصلاحات کے حوالے سے رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اتحاد تنظیم المدارس کے نمائندوں سے بات چیت کی تھی جس میں وزیراعظم نوازشریف، ڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختر اور چودھری نثار نے بھی شرکت کی تھی۔ وفاق المدارس کے نمائندے حافظ عبدالقدوس نے بتایا کہ حتمی رجسٹریشن فارم کے حوالے سے ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔ محتاط اندازے کے مطابق ملک میں 18 ہزار مدارس میں 3 کروڑ بچے زیرتعلیم ہیں۔