بھارتی انتہاپسندوں کی دھمکیوں کیخلاف دوسرے روز بھی مختلف شہروں میں مظاہرے
لاہور/ کراچی/ گوجرانوالہ (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) بھارت کی ہٹ دھرمی کیخلاف دوسرے روز بھی ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری رہے۔ لاہور کے شہریوں نے مودی کے پتلے کو آگ لگائی۔ شہری چیئرمین پی سی بی پر بھی ناراض نظر آئے کہ بھارت نہیں مانتا تو پی سی بی سیریز کیلئے کیوں مچل رہا ہے۔ گوجرانوالہ میں خواتین کھلاڑیوں نے ریلی نکال کر شیوسینا کی سرپرستی کرنے پر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا اور نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ ادھر مظالم کے خلاف ق لیگ سندھ کے تحت کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سنت نگر لاہور کے رہائشیوں نے زبردست احتجاج کر تے ہوئے شیوسینا کیخلاف نعرے بازی کی اور بھارتی وزیراعظم کا پتلا جلایا اور ترنگے پر جوتے برسائے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جمعیت طلبہ عربیہ کے سینکڑوں طلبا نے بھارتی انتہاپسند جماعت شیوسینا کی مسلمان اور پاکستان دشمنی کیخلاف جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی شیوسینا کی مسلمان اور پاکستان مخالف کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ ہے، اقوام متحدہ کو اسکا نوٹس لینا چاہئے۔ دریں اثنا کرکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان کی جانب سے شیوسینا کیخلاف گدھوں کے ساتھ جلوس نکالا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نہیں چاہتی کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز ہو۔ مظاہرین نے کہاکہ نریندر مودی کی حکومت میں کرکٹ تو دور کی بھارت اب کسی بھی کھیل کیلئے محفوظ نہیں رہا۔