گوشت کھانا گناہ ہے تو جسٹس مارکنڈے، مصنفہ شبھادے کو بھی سزا دی جائے: بھارتی مسلمان وزیر
نئی دہلی (اے این این) بھارت میں سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اور اتر پردیش کے سینئر وزیر محمد اعظم خان نے بی جے پی کی اتحادی انتہا پسند شیوسینا اور دیگر فرقہ پرست جماعتوں کی پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی مسلمان انتہا پسندوں کے مظالم کی چکی میں پس رہے ہیں، اگر گوشت کھانا گناہ ہے تو جسٹس (ر) مارکنڈے کاٹجو اور مصنفہ شبھا دے کو بھی سزا دی جائے۔ نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے آزاد رکن انجینئر عبدالرشید پر سیاہی پھینکنے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی اتحادی شیوسینا اور دیگر انتہا پسند ہندو تنظیمیں جان بوجھ کر گائے کا گوشت کھانے کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنارہی ہیں، دراصل بھارتی مسلمان انتہا پسندوں کے مظالم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب صرف ایک چیز باقی رہ گئی ہے کہ ہم بھارت کے نقشے پر مسلمان لکھ لیں اور ان پر کالی سیاہی پھینک دیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر گوشت کھانے کا ہی سوال ہے تو بھارت کی نصف آبادی کو سزا دی جائے۔