.ڈرائیور کی شہادت کیخلاف ہڑتال مظاہرے جاری یاسین ملک سمیت متعدد گرفتار سکھوں کے پاکستان کے حق میں نعرے
سرینگر (آن لائن + اے این این+نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیرمیں ہندو انتہاپسندوں کے ہاتھوں ایک کشمیری ٹرک ڈرائیور زاہد رسول بٹ کے قتل کیخلاف ہڑتال دوسرے دن بھی جاری رہی۔ تمام دکانیںاور تعلیمی ادارے بند رہے اور سڑکوں پر گاڑیوںکی آمد ورفت معطل رہی۔ بھارتی فوج نے لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک سمیت متعدد حریت رہنماؤں کوگرفتار کر لیا۔ بارہمولہ میں ’’گرو گرنتھ‘‘ کی بیحرمتی کیخلاف سکھوں نے مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے حق ار بھارت مخالف نعرے لگائے گئے۔ کشمیر بنے گا پاکستان، پنجاب بنے گا خالصہ کے نعرے لگائے۔ ادھر لال چوک میں بھارتی پولیس اہلکاروں کی طرف سے راہگیروں پر تشدد کے بعد کھنہ بل ، لز بل ، نند پورہ ، بیج بہاڑہ اور ضلع کے دیگر علاقوں میں بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے، اور مظاہرین اور فوجیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ بھارتی فوجیوں او رپولیس اہلکاروںنے مظاہرین پرآنسو گیس اور پیلٹ گن سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے بیسیوں افراد زخمی ہو گئے۔ حریت رہنما یاسمین راجہ، محمد رمضان خان ، مولوی بشیر احمد ، فاروق احمد توحیدی ، انجینئر فاروق اور غازی منظور زاہد رسول کے اہلخانہ سے ا ظہار یکجہتی کیلئے بوٹینگو اسلام آباد گئے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور مظالم کا سخت نوٹس لے۔میرواعظ عمر فاروق نے مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنے کیلئے فوجی طاقت کے بجائے سیاسی جرأت مندی دکھائی جائے۔ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کی بنیادی وجہ ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر ی زاہد رسول کی شہادت میں ملوث قاتلوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ لگانا عوام کا اس گھنائونے واقعہ سے توجہ ہٹانے کے مترادف کارروائی ہے۔ شبیر احمد شاہ نے شہدائے بجبہاڑہ ،فتح کدل اور آلوچی باغ کو ان کی 23ویںبرسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کشمیر کی قربانیاں کبھی بھی رائیگاں نہیں ہوں گی۔ کے پی آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کابینہ نے ڈرائیور زاہد بٹ کے انتقال پر وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید کی طرف سے پیش کی گئی ایک تعزیتی قرارداد کو کابینہ میں اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ مرحوم کے حق میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ کابینہ نے زاہد کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے اور شوکت احمد ڈار کے لواحقین کو تین لاکھ روپے دینے کے علاوہ دونوں کنبوں کے ایک ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کو بھی منظوری دی۔ حریت رہنما کی اہلیہ مشعل یاسین نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے پر بھارتی فوج نے حریت رہنما یاسین ملک کو گرفتار کیا ہے۔ نریندر مودی کی حکومت آر ایس ایس کی پیروکار ہے۔ کشمیری آزادی کے بنیادی حق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔