-کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو زندہ جلانے کے مقدمہ کی کارروائی روکنے کیلئے درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو زندہ جلانے کے مقدمے کی کارروائی روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار شمیم نے کیس کی سماعت کی۔کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کے الزام میں گرفتار ملزمان اکرم اور افضل کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ مقدمے کی سماعت کرنے والے دہشت گردی عدالت کے جج ہارون رشید کا رویہ جانبدار ہے لہٰذا ان کے مقدمے کو دہشت گردی کی دوسری عدالت میں منتقل کیا جائے۔ ایڈیشنل پراسیکوٹر جنرل عبدالصمد نے عدالت کو بتایا کہ عدالت عالیہ کو دہشت گردی کے مقدمات دوسری عدالت میں منتقل کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔ علاوہ ازیں استغاثہ کے 16 گواہ دہشت گردی عدالت میں اپنے بیان قلمبند کرا چکے ہیں‘ تاہم عدالت عالیہ کے حکم امتناعی کے باعث کیس کی سماعت روک دی گئی ہے۔