دشمن قوتیں ملکی آزادی و سالمیت کو داو پر لگانا چاہتی ہیں: علمائ
ملتان (نامہ نگار خصوصی) علماءامن کمیٹی ملتان کے زیراہتمام گزشتہ روز ملتان پریس کلب میں ”امن کانفرنس“ منعقد ہوئی۔ علماءامن کمیٹی پاکستان کے رہنما ڈاکٹر عقیل الرحمن پیرزادہ‘ علامہ عنایت اﷲ رحمانی‘ مفتی عبدالقوی‘ علامہ خالدمحمود ندیم‘ رکن صوبائی امن کمیٹی الحاج شفقت حسین بھٹہ‘ ڈاکٹر ارشد بلوچ‘ سجاد حسین قریشی‘ علامہ مجاہد عباس گردیزی‘ شیخ محمد عمر‘ مفتی غلام مصطفی فردوسی‘ قاری ابوبکر عثمانی‘ کاشف ڈوگر‘ عبدالمالک آصف‘ مفتی حبیب اﷲ بلال‘ و دیگر نے خطاب کیا بعد ازاں مشترکہ اعلامیہ جاری کیاگیا جس میں کہاگیا وطن دشمن قوتیں اپنے مذموم مقاصد کے حصول کےلئے ہمارے ملک کی آزادی اور سالمیت کو داو پر لگانے کے درپے ہیںایسے میں علماءکرام مذہبی شخصیات قومی یکجہتی ملکی استحکام فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورمجموعی امن و امان کےلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہینگے۔ موجودہ ملکی اور بین الاقوامی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں حکومتی حلقے تمام سیاسی مذہبی و دینی قائدین سے رابطوں اور اشتراک عمل کو زیادہ موثر بنائیں۔ تمام مکاتب فکر کے علماءکرام اس امر پر بھی متفق ہیں کہ کسی مسلمان کی دل آزاری نہ کی جائے۔ اسلام کی تمام شخصیات کا احترام بجا لایا جائے۔ علماءکرام اور ذاکرین نے اپنے خطابات میں میانہ روی اور مثبت رویہ اختیار کریں رواداری اور ا تحاد امت پر بھی خصوصی زور دیں۔علماءکرام اور امن کمیٹیوں کے اراکین محرم الحرام کے دوران امن و امان کی خاطر انتظامیہ سے مکمل تعاون کرینگے۔ امن کانفرنس کے آخر میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور پاک فوج کے حوصلہ کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔