خسٹیٹ بینک نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے اعداد و شمار جاری کر دئیے
لاہور (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بینک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے اعدادوشمار جاری کر دئیے جن کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 79 فیصد زیادہ سرمایہ کاری ہوئی۔ چند روز قبل مرکزی بینک کی طرف سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق تین ماہ کے دوران پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری گزشتہ سال کے مقابلے میں 70 فیصد کم تھی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر کے آخر میں پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں یورو بانڈز فروخت کے لیے پیش کیے تھے۔ ان کی فروخت سے ملنے والے کروڑ ڈالر پہلے جاری کی جانے والی رپورٹ میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔ پہلی رپورٹ کے مطابق تین ماہ میں مجموعی طور پر غیر ملکی سرکاری شعبے کی طرف سے حکومتی بانڈز اور سیکورٹیز میں بھی کوئی نئی سرمایہ کاری نہیں کی گئی ۔ بلکہ 1کروڑ 84 لاکھ ڈالر کا انخلاء ہوا۔ تاہم 50کروڑ کے بانڈز کی فروخت کے بعد غیر ملکی سرکاری شعبے کی طرف سے حکومتی بانڈز اور سیکورٹیز میں نئی سرمایہ کاری کا حجم 48 کروڑ 16 لاکھ ڈالر ہو گیا ۔ اس کو شامل کر کے رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 59 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال تین ماہ کے دوران پاکستان میں ہونے والی غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 33 کروڑ 35 لاکھ ڈالر تھا۔