تحریک انصاف کے سابق مرکزی نائب صدر ایڈمرل ریٹائرڈ جاوید اقبال نے پارٹی رکنیت سے اسعتفی دے دیا۔
لاہور پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کی خاطر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار نہیں کی تھی بلکہ جماعت کا منشور دیکھ کر اس کا حصہ بنے تھے۔ تحریک انصاف کو پرویز مشرف کے حواریوں نے ہائی جیک کرلیا ہے۔ خورشید قصوری اور جہانگیر ترین جیسے لوگ پارٹی کو گمراہ کررہے ہیں جبکہ پرانے کارکنوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف میں وہ تمام لوگ شامل ہو چکے ہیں جنہیں دیگر سیاسی پارٹیاں قبول نہیں کر رہیں۔ پریس کانفرنس کے بعد وقت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی سمیت تحریک انصاف کی اعلی قیادت پارٹی کو نقصان پہنچا رہی ہے۔