پنجاب یوتھ فیسٹوِل کے دوران عالمی ریکارڈز بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک پانچ مختلف عالمی ریکارڈز پاکستان کے نام ہوچکے ہیں۔
پنجاب یوتھ فیسٹول میں مختلف ریکارڈز بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ نوجوان آج تیرہ مختلف ریکارڈز بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ نوجوان محمد منشا نے تین منٹ اور چودہ سیکنڈ میں تین روٹیاں پکانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ محمد نعمان نے پینتیس سیکنڈ میں الیکٹرک سوئچ لگانے کا عالمی کارنامہ انجام دیا۔ احمد بودلہ نے ایک منٹ میں سات سو ککس لگا کر اعزاز اپنے نام کیا۔ بارہ سالہ مہر گل نے پینتالیس سیکنڈ میں شطرنج بورڈ سجا کر عالمی ریکارڈ بنایا۔ دانیا گل اور قمر رضوان نے تین سو پینتیس بار فٹ بال کو ہیڈ کرکے ریکارڈ پاکستان کی جھولی میں ڈال دیا۔ ورلڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے نے کامیاب کھلاڑیوں کو ایوارڈ سے نوازا۔ ادھر ایک منٹ میں زیادہ شرٹس پہننے کے لیے نوجوان احمد بودلہ نے دو مرتبہ کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے۔ اسی طرح ٹیبل ٹینس بال کو ایک منٹ میں ایک سو اسی بار ہٹ کرنے کا ریکارڈ بھی نہ ٹوٹ سکا۔ عالمی ریکارڈز کے لیے مزید چھ مقابلے ہونا باقی ہیں۔