بزنس ٹرین بند کرنے کا حکم 60 لاکھ روپے کی ادائیگی پر واپس

21 اکتوبر 2012
 بزنس ٹرین بند کرنے کا حکم 60 لاکھ روپے کی ادائیگی پر واپس

لاہور (آئی این پی/ نوائے وقت نیوز) ریلوے حکام نے 32کروڑ کی نادہندگی پر لاہور کراچی کے درمیان چلنے والی بزنس ٹرین کو ہفتہ کو بند کر دیا تاہم بزنس ٹرین انتظامیہ کی طرف سے 60لاکھ کی فوری ادائیگی پر ریلوے حکام نے آپریشن بحال کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بزنس ٹرین کی انتظامیہ جوکہ 32کروڑ روپے کی نادہندہ ہے اور ریلوے حکام کی طرف سے بار بار ادائیگی کے نوٹسز کے باوجود انتظامیہ نے گذشتہ دو سے تین ماہ کی ادائیگیاں روکی ہوئی تھیں جس پر بالاخر ریلوے حکام نے بزنس ٹرین کو بند کرنے کا حکم دیدیا۔ بزنس ٹرین انتظامیہ روزانہ 31لاکھ روپے جمع کرانے کی پابند ہے۔ جی ایم ریلوے جنید قریشی نے کہا ہے کہ بزنس ٹرین انتظامیہ نے آئندہ 3دن میں بقایاجات ادا نہ کئے گئے تو بزنس ٹرین بند کر دی جائے گی۔