بھارتی نجی فضائی کمپنی کنگ فیشر ایئر لائنز کا لائسنس منسوخ

21 اکتوبر 2012

نئی دہلی (این این آئی) بھارت کے شہری ہوابازی کے ریگولیٹرز نے کنگ فیشر ایئر لائنز کا لائسنس منسوخ کر دیا کیونکہ کمپنی اپنی خدمات کو جاری رکھنے کی تفصیلات فراہم کرانے میں ناکام رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شہری ہوابازی کے ڈائریکٹر جنرل ارون مشرا نے کنگ فیشر ایئر لائنز سے اس ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ اگر وہ محفوظ، باصلاحیت اور قابل اعتماد خدمات فراہم کرنے میں ناکام رہی تو اس کا لائسنس رد کر دیا جائے گا۔ ارون مشرا نے کہا کہ کنگ فیشر نے جواب تو دیا لیکن ہوابازی کے ضابطہ کاروں کے اہم سوال کا جواب نہیں دیا اور مزید مہلت کی درخواست کی۔ واضح رہے کہ کنگ فیشر پر تاجر وجے مالیہ کا اختیار ہے اور کنگ فیشر اپنی شروعات دو ہزار پانچ سے ہی خسارے میں چل رہی ہے اور وہ ابھی ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر کے خسارے میں ہے۔ یہ بحران گزشتہ دنوں مزید نازک صورت حال اختیار کر گیا جب ان کے انجینئروں نے ہڑتال کر دی اور اس نے اپنی کئی پروازیں معطل کر دیں۔ کہا جا رہا ہے ملازمین کو بھی کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔