عید الاضحی کی آمد‘ اوور چارجنگ روکنے کیلئے بس اڈوں پر موبائل ٹیمیں تشکیل
لاہور (اپنے نمائندے سے) عیدالاضحٰی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی چودھری محمد اسد کی سربراہی میں ٹرانسپورٹ ہا¶س لاہور میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے عید کے موقع پر ٹرانسپورٹروں کی جانب سے مقرر شرح سے زائد کرایہ اور اوورلڈنگ کے ازالہ کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں سپیشل سکوارڈ تشکیل دئیے گئے ہیں اور موبائل ٹیمیں موقع پر اوورلوڈنگ اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو موقع پر جرمانہ اور ٹرانسپورٹ بند کرنے کا اختیار ہو گا۔ سیکرٹری پی ٹی اے پنجاب چودھری محمد اسد نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں متعدد بس اڈوں پر موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مسافروں کی شکایات پر ان کو ریلیف دینگی۔ مزید براں پنجاب میں تمام سیکرٹری DRTAs کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ انہوں نے جو چیکنگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں ان کی متعلقہ پوائنٹس پر حاضری یقینی بنائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کریں اور روزانہ کی رپورٹ اگلے دن 10 بجے تک پی ٹی اے آفس لاہور بھیجیں۔