اولیائے کرام نے اپنے کردار سے اسلام پھیلایا: اختر ڈار

21 اکتوبر 2012

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) تحریک انصاف نظریاتی کے مرکزی چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ ملالہ پر حملہ کرنے والے اسلام دشمن ہیں اسلام کو بندوق کی نوک پر نافذ کرنے والوں نے ایسے اقدامات سے اسلام کی بھیانک شکل پیش کر کے پوری دنیا میں ہمیں رسوا کر دیا ہے حالانکہ ماضی میں داتا گنج بخشؒ، پیر مکیؒ، وارث شاہؒ، امام بریؒ اور بلھے شاہؒ سمیت تمام اولیاءکرام نے اپنے کردار قول و فعل پیار محبت اور امن کے پیغام سے اسلام پھیلایا اور لاکھوں لوگوں کو دائرے اسلام میں لیکر آئے مگر آج من پسند اسلام نافذ کرنے والے لوگوں نے دہشت گردی بم، گولی، قتل و غارت کو اسلام کا سمبل بنا کر رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اختر اقبال ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔