ہسپتالوں میں لیبر روم ، گائنی کی سہولیات اور شعبہ اطفال میں مفت علاج معالجے کا فیصلہ

21 اکتوبر 2012

لاہور (پ ر) سپیشل سیکرٹری صحت پنجاب بار حیات تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مختص اربوں روپے فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنانے کےلئے محکمہ صحت کے ضلعی دفاتر کے حسابات کی جانچ پڑتال جلد شروع کی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں سب سے پہلے ضلع ننکانہ کے محکمہ صحت کے حسابات کی جانچ پڑتال کرنے کی ہدایت جاری کر رہی ہیں اور ایک ماہ کے اندر رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز یہاں انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں تمام اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ اور ڈویژنل ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر نثار چیمہ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں لیبر روم اور گائنی کی سہولیات کے علاوہ شعبہ اطفال میں علاج معالجہ کی سہولیات مفت شروع کی جا رہی ہیں جس کے لئے وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کو 50 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کر دی ہے۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے پنجاب میں نمائندے ڈاکٹر وینڈے نے خطاب کرتے ہوئے پولیو مہم کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کےلئے سوشل موبلائزیشن پر زور دیا۔