زراعت کی ترقی کیلئے صوبوں اور اداروں کو ملکر کام کرنا ہوگا:ڈاکٹر افتخار

21 اکتوبر 2012

اسلام آباد (اے پی پی)چیئرمین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) ڈاکٹر افتخار احمد نے کہاہے کہ زراعت کے شعبہ کو ترقی دینے کیلئے صوبوں اور دیگر اداروں سے ملکر کام کرنا ہوگا۔ زرعی سائنسدان اور سرکاری ملازمین اپنی محنت اور لگن سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ملک ہمیں بہت کچھ دے رہا ہے، وقت آ گیا ہے زرعی ماہرین اور دیگر ملازمین کو تھوڑی سہولیات کی قربانی دیکر تحقیقی عمل کو تیز کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے ریٹائرڈ سائنسدانوں اور دیگر ملازمین کے اعزاز میں استقبالیے سے خطاب میں کیا ۔ ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ زرعی ماہرین اور ریٹائرڈ ملازمین کی محنت لگن کی وجہ سے خوراک کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پرڈائریکٹر جنرل قومی زرعی تحقیقاتی سنٹر ڈاکٹر شریف نے خطاب میں کہا کہ میری ذمہ داری ہے کہ میں سائنسدانوں اور ملازمین کو سہولیات مہیا کروں تاکہ بہتر نتائج حاصل ہوں جو قومی ترقی میں ایک مثال ثابت ہوں۔