امریکہ ہمارا اصل دشمن ہے، پاکستان کیخلاف بڑا قدم اٹھانے کی تیاریاں کر رہا ہے: حافظ عاکف

21 اکتوبر 2012

لاہور(پ ر) تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہا کہ امریکہ کے ایما پر شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کیا گیا تو یہ قوم و ملک سے ہی نہیں، دین اور ملت اسلامیہ سے بھی غداری ہو گی۔ گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سوات کی ملالہ پر قاتلانہ حملہ انتہائی قابل مذمت ہے لیکن زخمی ملالہ کے کندھوں کو شمالی وزیرستان میں فوجی اپریشن کےلئے استعمال کرنا انتہائی گھٹیاں حرکت ہو گی۔ امریکہ اور یورپ نے ملالہ پر حملے کو جس طرح میڈیا میں اٹھایا ہے اس سے یہ پورا واقعہ شک و شبہات کی نظر ہو گیا۔ حیرت ہے اس امریکہ کو ملالہ کے زخمی وہنے پر شدید دکھ اور رنج پہنچا ہے جو خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے ۔ اور ڈرون حملوں میں بے گناہ اور معصوم مردوں، عورتوں اور چھوٹے بچوں کو مار رہا ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ ہمارا اصل دشمن ہے اور وہ پاکستان کے خلاف کوئی بڑا قدم اٹھانے کی تیاریاں کر رہا ہے اور عوامی رائے عامہ ہموار کرنے کےلئے ڈرامے کر رہا ہے ۔