میاں نواز شریف ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں: اصغر منڈا
شرقپور شریف (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے ایم پی اے چوہدری علی اصغر منڈا نے چوہدری سجاد حکیم ملک مقبول احمد کی طرف سے دی گئی دعوت پر دو کروڑ اسی لاکھ روپے کی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف ہی پاکستان کی آخری امید ہیں اور ان کی قیادت میں آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن برسر اقتدار آ کر پاکستان کو بچائے گی۔ پاکستان کو زرداری ٹولے نے تباہی کے راستے پر ڈال کر اداروں کو تباہ و براباد کر دیا جبکہ غریب عوام غربت مہنگائی اور حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے فاقوں پر مجبور کر دیئے گئے ہیں لوڈشیڈنگ کے ذریعے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا جبکہ سرمایہ کار پاکستان سے اپنا سرمایہ دوسرے ممالک میں شفٹ کر رہے ہیں ایسے حالات میں پاکستان کو بچانے کے لئے ہر ایک پاکستان بالخصوص مسلم لیگ کے کارکنوں کو میاں نواز شریف کی قیادت میں متحد ہونا ہو گا تاکہ پاکستان کو لوٹنے والوں اور رقوم کی قسمت سے کھیلنے والوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر چوہدری جاوید اسماعیل، چوہدری بابر چوہدری عنصر علی چوہدری خالد حاجی محمد رفیق کے علاوہ دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔