دو ماہ میں مزید 15 افراد لاپتہ، کیس رجسٹر کر لئے گئے

21 اکتوبر 2012


اسلام آباد (رپورٹ: رستم اعجاز ستی) رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران 56 لاپتہ افراد رہا کر دیے گئے جبکہ ستمبر اور اکتوبر میں دو ماہ کے دوران مزید 15 لاپتہ افراد کے کیسز رجسٹرڈ کئے گئے ، لاپتہ افراد کی بازیابی کی تنظیم ڈیفنس آف ہیومن رائٹس (ڈی ایچ آر) کی فہرست میں لاپتہ افراد کی تعداد 691 تک پہنچ چکی ہے، ٹریس شدہ افراد کی تعداد 42 جبکہ رواں سال کے دوران رہا شدہ افراد کی تعداد 56 اور آخری چھ سال کے دوران رہا شدہ افراد کی تعداد 508 ہے، رواں ہفتے کے دوران کراچی اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے دو لاپتہ افراد رہا ہو چکے ہیں۔ تنظیم کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ لاپتہ افراد کے کیسز کی ترجیحی بنیادوں پر سماعت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ جبری گمشدگی کے خلاف احکامات جاری کرے تاکہ یہ سلسلہ رک سکے اگر کسی کا کوئی قصور ہے تو اسے عدالتوں کے روبرو پیش کیا جائے۔