پنجاب حکومت نے پہلی سہ ماہی کے اخراجات جاریہ میں 45 ارب 64 کروڑ بچا لئے
لاہور (احسن صدیق) پنجاب حکومت نے رواں مالی سال 2012-13ءمیں جولائی سے ستمبر (پہلی سہ ماہی) کے دوران اپنے اخراجات جاریہ میں 45 ارب 64 کروڑ 11لاکھ 50 ہزار روپے کی بچت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لئے اخراجات جاریہ کی مد میں ایک کھرب 33 ارب 21 کروڑ 49 لاکھ 68 ہزار روپے کا ہدف مختص کیا گیا تھا اس کے مقابلے میں پنجاب حکومت نے اس مد کے دوران 87 ارب 57 کروڑ 38 لاکھ 18 ہزار روپے خرچ کئے ہیں۔ محکمہ خزانہ پنجاب کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں نہ صرف بچت کی گئی بلکہ پنجاب کے اخراجات اور صوبائی آمدنی برابر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی اخراجات جاریہ میں جنرل پبلک سروسز کے لئے اخراجات جاریہ کی مد میں 76.33 ارب روپے کا ہدف تھا لیکن 48.9 ارب روپے خرچ کئے گئے۔ صحت کے لئے اخراجات جاریہ کا ہدف 8.91 ارب روپے تھا لیکن 5.62 ارب روپے خرچ کئے گئے۔