سردار فاروق لغاری کی دوسری برسی منائی گئی

21 اکتوبر 2012


لاہور (این این آئی) پاکستان کے سابق صدر سردار فاروق احمد لغاری کی دوسری برسی گذشتہ روز منائی گئی۔ برسی کے سلسلہ میں ان کے اہل خانہ کی طرف سے قرآن خوانی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ فاروق لغاری 1993ءسے 1997ءتک پاکستان کے صدر رہے۔ فاروق لغاری اپنے والد محمد خان لغاری کے انتقال کے بعد لغاری قبیلے کے سربراہ مقرر ہوئے جس کے بعد سیاسی زندگی کا آغاز کیا۔ 88ءکے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بنے‘ 1993ءمیں صدر مملکت کے عہدے پر فائز ہوئے، وہ ملک کے پہلے بلوچ صدر تھے۔ 1996ءمیں بینظیر بھٹو سے اختلافات پیدا ہوئے جس کے بعد آئین کے آرٹیکل 52ٹوبی استعمال کرتے ہوئے حکومت تحلیل کر دی۔ 1997ءمیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی اور آٹھویں ترمیم پر اختلافات کے باعث نوازشریف سے اختلافات پیدا ہو گئے جس کے بعد انہوں نے صدارت سے استعفیٰ دےدیا، اس کے بعد علیحدہ سیاسی جماعت ملت پارٹی بنائی اور نیشنل الائنس ترتیب دیا۔ مئی 2004ءمیں نیشنل الائنس، پاکستان مسلم لیگ (ق) میں ضم ہو گئی جس کے بعد متحدہ مسلم لیگ کے نام سے ایک نئی سیاسی پارٹی تشکیل پائی۔ سردار فاروق احمد لغاری 70 سال کی عمر میں 20 اکتوبر 2010ءکو حرکت قلب بند ہونے کے باعث راولپنڈی کے ہسپتال میں جہاں فانی سے کوچ کر گئے تھے۔