دانش سکول کی طالبہ کے ذکر پر وزیراعلیٰ کی آواز بھرا گئیوزیراعلیٰ نے باسکٹ بال میچ دیکھا، انعامات تقسیم کئے

21 اکتوبر 2012


لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کیڈٹ کالج کلر کہار میں تقسیم انعامات کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءمیں انعامات تقسیم کئے ۔ ٭ تقریب میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ‘ معززین علاقہ اور طلباءکے والدین نے بھی شرکت کی ۔ ٭ وزیراعلیٰ کی آواز اس وقت بھرا گئی جب انہوں نے ماں اور باپ کی شفقت سے محروم چشتیاں دانش سکول میں زیر تعلیم طالبہ عائشہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا یہ بچی کہتی ہے کہ وہ روز رات کو اپنے مرحوم والد سے تصورات میں بات کرتی ہے کہ دانش سکول ہی میرے ماں باپ ہیں اور میں اپنے اپنے ماں باپ کی خواہش کے مطابق اس سکول سے ڈاکٹر بن کر نکلوں گی۔ ٭    وزیراعلیٰ نے تقسیم انعامات سے پہلے باسکٹ بال کا میچ دیکھا بعد ازاں ہال میں انعامات تقسیم کئے ۔ ٭ وزیراعلیٰ کے تعلیمی شعبے کی بہتری کے اقدامات کے تذکرے پر طلبا نے پرجوش تالیاں اور نعرے لگائے اور شہبازشریف زندہ باد کے نعرے بھی بلند کئے ۔ ٭    وزیراعلیٰ نے کالج انتظامیہ اور اساتذہ کو طلباءکی بہترین تربیت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور تمام اداروں میں طلباءکی انہی خطوط پر تربیت ہونی چاہیے۔