موجودہ حالات میں شریف برادران ہی ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں: جنرل (ر) نذر حسین

21 اکتوبر 2012


لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو کیڈٹ کالج کلرکہار (چکوال) میں تقریب تقسیم انعامات کی تقریب میں ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے اور صوبے میں شفافیت اور میرٹ کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کیڈٹ کالج کے منتظم جنرل (ر) نذر حسین نے کہا کہ شریف برادران جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں ، موجودہ حالات میں وہی ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں اور وطن عزیز کو اس کا کھویا مقام دلا سکتے ہیں۔ یہ کہا جائے کہ ملکی ترقی وخوشحالی انہی سے جڑی ہے تو ہر گز بیجا نہ ہو گا۔ محمد نواز شریف نے بیرونی دباﺅ کے باوجود ایٹمی دھماکے کرکے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا جبکہ محمد شہباز شریف نے تعلیم کے شعبے کی بہتری، غریب آدمی کی فلاح و بہبود اور کرپشن کے گھٹاٹوپ اندھیروں میں شفافیت اور میرٹ کے وہ ریکارڈ قائم کئے جن کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔