سنی اتحاد کونسل 31 اکتوبر کو یوم شہادت غازی علم الدین شہید منائے گی: فضل کریم

21 اکتوبر 2012

لاہور (سٹاف رپورٹر) تمام طبقات امریکہ اور پاکستان طالبان سے نجات کے لئے ہم آواز ہو جائیں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ذہنی و فکری تبدیلی ناگزیر ہے۔ خطبہ حجتہ الوداع پہلا منشور انسانیت ہے یہ خطبہ بین الاقوامی منشور کی حیثیت رکھتا ہے خطبہ حجتہ الوداع ہر گھر اور ہر سرکاری دفتر میں آویزاں کیا جائے۔ سنی اتحاد کونسل 31 اکتوبر کو ملک بھر میں ”یوم شہادت غازی علم الدین شہید “ منائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے زاویہ فاﺅنڈیشن کے چیئرمین علامہ رضاالدین صدیقی کی قیادت میں دینی دانشوروں کے گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ کے واقعہ کے بارے میں اٹھنے والے سوالوں کا جواب کون دے گا۔ سلالہ پر حملہ کرنے والوں نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ملالہ پر حملہ کروایا ہے تاکہ تحریک ناموس رسالت سے توجہ ہٹائی جا سکے لیکن ہم تحریک ناموس رسالت کو مدھم نہیں ہونے دیں گے۔ دریں اثنا صاحبزادہ فضل کریم آج ایک روزہ دورے پر تلہ گنگ جائیں گے وہ تلہ گنگ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ جلسہ سے جماعت اہلسنت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی، مفتی صداقت علی اعوان اور دوسرے علماءو مشائخ بھی خطاب کریں گے۔ سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے زیر اہتمام ”تحفظ ناموس رسالت ٹرین مارچ“ کی کامیابی پر سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم اور انتظامی کمیٹیوں کے ممبران کے اعزاز میں پیر 22 اکتوبر کو مرکزی دفتر گلبرگ لاہور میں استقبالیہ دیا جائے گا جس میں سنی اتحاد کونسل کے مرکزی اور صوبائی رہنماﺅں کے علاوہ لاہور کے دینی مدارس کے سربراہان، سنی تنظیموں کے قائدین، سول سوسائٹی کے نمایاں افراد اور تاجر رہنما شریک ہوں گے۔