بلوچستان:ڈاکٹر سعید کی عدم بازیابی کیخلاف ہسپتالوں میں چوتھے روز بھی ہڑتال
کوئٹہ (اے پی اے) ڈاکٹر کے اغوا کے خلاف چوتھے روز بھی کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ڈاکٹروں کی ہڑتال رہی۔ بلوچستان کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی اور آپریشن تھیٹر بند ہونے سے مریضوں اور علاج معالجے کے لئے آنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ بلوچستان ہائیکورٹ نے ڈاکٹر کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے 23 اکتوبر کو رپورٹ طلب کر لی ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سیکرٹری داخلہ بلوچستان، سی سی پی او اور ایس پی سریاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مغوی ڈاکٹر کی باحفاظت بازیابی کو بھی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ ماہر امراض چشم ڈاکٹر سعید احمد کو 16 اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے سریاب سے اغوا کیا گیا تھا۔