ملالہ پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دیں گے: فضل الرحمن

21 اکتوبر 2012


پشاور (نوائے وقت نیوز) سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ ہمارے ملک کے نظام میں بہت زیادہ بگاڑ ہے۔ امریکہ دنیا پر ظلم کر رہا ہے۔ امریکی فوجی عافیہ پر فائرنگ کرتے ہیں تو کیا یہ انصاف ہے، ہم پر تنقید ہوتی ہے کہ فرینڈلی اپوزیشن ہیں لیکن ہم ریاست سے متعلق سیاست کر رہے ہیں جسے سمجھنا ضروری ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ملالہ کے واقعے پر آسمان سر پر اٹھایا جا رہا ہے لیکن دوسری جانب عافیہ صدیقی پر مظالم ڈھانے والے امریکہ کے خلاف پاکستانی اسٹیبلشمنٹ اور میڈیا خاموش ہیں۔ وہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں مدارس پر بمباری سے شہید ہونے والے بچے اور عافیہ صدیقی بھی علم کے اجالے ہیں۔ جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے بہت سے چہرے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ مولانا حیدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے جے یو آئی کے دیرینہ م¶قف کو درست ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے خفیہ ادارے من پسند جماعتوں کو اقتدار میں لانے کے لئے جعل سازی کرنے سے لے کر فنڈنگ بھی کرتے ہیں۔